باغ (نمائندہ ایکسپریس) ایم ٹی بی سی کی پبلک سیکٹر میں اہم کامیابی، ایم ٹی بی سی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت محکمہ صحت حکومت آزادکشمیر کے ساتھ ملکر کوٹیڑی قندیل کے لوگوں کیلئے ڈسپنسری قائم کر دی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سردار منظور حسین نے ڈسپنسری کا افتتاح کیا اس موقع پر ایگزیکٹیوچیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر تعلقات عامہ ایم ٹی بی سی زرطیف بادشاہ نے ڈسپنسری کی چابیاں ڈی ایچ او سردار منظور حسین کے حوالے کیں۔ ایگزیکٹیو چیئرمین محمود الحق نے کہاکہ ایم ٹی بی سی نے یہاں کے لوگوں کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈسپنسری قائم کی ہے۔حکومت آزادکشمیر کے ساتھ مل کر دیگر علاقوں میں بھی ضرورت کے پیش نظر اس طرح کے ہیلتھ یونٹ بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت، تعلیم، آئی ٹی، مواصلات کے بعدآزادکشمیرمیں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت آزادکشمیر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سردار منظور حسین نے ڈسپنسری کے قیام پر ایگزیکٹیو چیئرمین محمود الحق کو مبارکباد دیتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں کہاکہ ایم ٹی بی سی اپنے پیشہ وارانہ امور کے ساتھ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں بھی اپنا بھرپورحصہ ڈال رہی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے۔ مستقبل میں بھی ایم ٹی بی سی کے ساتھ مل کر مزید منصوبوں پر کام کریں گے۔ ڈسپنسری کے افتتاح کے موقع پر عوام علاقہ نے ایم ٹی بی سی کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمود الحق کا شکریہ ادا کیا۔