3 اکتوبر، 2014

آئی ڈی پیز اور وی آئی پیز


لاہور اور راولپنڈی میں کھربوں روپے مالیت کے میٹروبسوں اور ٹرینوں کے وی آئی پی منصوبوں کے افتتاح کے کٹھن مراحل میں مصروف عمل وی آئی پیز نے حالیہ ضرب عضب آپریشن کے آئی ڈی پیز کے لئے مبلغ پچاس کروڑ روپے صرف جن کا نصف پچیس کروڑ ہوتا ہے کا اعلان فرماکر فرائضِ منصبی کی ادائیگی سے فراغت پا چکے ہیں،اب سوچ رہا ہوں پچاس کروڑ روپے پر ماتم کیا جائے یا وی آئی پیز کی سوچ پر یا پھر ان سات لاکھ آئی ڈی پیزکی حالت زار پر، کیا فرق پڑتا اگر انہیں وزیرستان سے نکلنے ہی نہ دیا جاتااور وی آئی پی وارجیٹس سے انہیں بھی ان کے ٹھکانوں میں ہی دھونک دیا جاتا، کیا فرق پڑتا ہے جب انہیں بمشکل انخلاء کی اجازت تو مل گئی لیکن بنوں، کوہاٹ، پشاور یا دیگر مقامات پر پہنچنے پر وی آئی پیز کا رویہ وہ ہی ہے جو ہماری پاک فوج کے جوان آجکل طالبان کیساتھ اپنائے ہوئے ہیں۔تو کیا فرق پڑتا ہے وہ اپنا گھر بار اور مال و متاع چھوڑ کر ننگے پاوئں اس لئے نکلے کے پاک فوج کو کامرانیاں نصیب ہوں، تو کیا فرق پڑتا ہے کہ وہ چلچلاتی دھوپ میں کھلے آسمان کے نیچے اس لئے ڈیرے جمائے بیٹھے ہیں کہ ہاں طالبان کا خاتمہ ہی ضروری ہے کہ وہ کراچی، لاہور۔۔۔ بلکہ۔۔۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، اور تمام پاکستان کے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہیں، تو کیا فرق پڑتا ہے کہ آئی ڈی پیز کو کھانے کو کھانا، پینے کو پانی اور علاج کو معالج میسر نہیں کہ ہاں ان کا جرم عظیم تو یہی ہے کہ وہ وزیرستانی کیوں ہیں، کہ وہ پختون کیوں ہیں، کہ وہ پاکستانی کیوں ہیں تو کیا فرق پڑتاہے۔۔۔۔؟ فرق پڑتا ہے جناب اعلیٰ اور بہت فرق پڑتا ہے کہ اگر ایک عام پاکستانی کے لئے جناب وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان اور وزیر اعظم ہندوستان میں کوئی فرق نہ ہو تو فرق پڑتا ہے، اگر ایک عام پاکستانی چاہے وہ انٹرنلی ڈسپلیسڈ پرسن ہو یا نہ ہو اگر اس کے لئیپاکستانی وزیر داخلہ اور بھارتی وزیر داخلہ میں کوئی خاطر خواہ فرق واضع نہ ہو تو فرق پڑتا ہے۔اور فرق پڑتا ہے جب ایک عام آدمی کا رویہ آئی ڈی پیز کے ساتھ یہ ہو کہ یہ کونسا ہماری وجہ سے ہجرت کر کہ آئے ہیں۔جب کسی ناگہانی موقع پر آئی ڈی پیز (خواہ وہ زلزلہ کا موقع ہو، کوئی سیلاب امڈ آیا ہو، کوئی آپریشن کیا گیا ہو)کے نام پر آنے والی بیرونی امداد وی آئی پیز کی عیاشیوں کے لئے ہمیشہ ناکافی ثابت ہوتی ہو تو فرق پڑتا ہے۔
پاک فوج کا کردار ہمیشہ مدبرانہ رہاچاہے وہ زلزلہ ہو، سیلاب ہو، راہ حق ہو، ضرب عضب ہو یا کوئی دوسرا آپریشن انہوں نے ثابت کیا کہ وہ ہمارے حقیقی وی آئی پیز ہیں۔لیکن ہمارے نام نہاد وی آئی پیز جس سوچ کی پیداوار ہیں جنہیں عرف عام میں سیاستدان کہا جاتا ہے, الیکشنی پرندے الیکشن میں جیت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ان کی سوچ کا آغاز ہو کر پانچ سال تک ٹکے رہنے اور" مال"بنانے کی ترکیبوں کے بعد منجمد ہو جاتا ہے،اس شرمناک فعل سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ سوچوں کا معیار کیا ہے اب وفاق خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت پر جان بوجھ کر بوجھ ڈال کر کارکردگی خراب کرنے کے لئے کوشاں ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت جان بوجھ کر انجان بنی ہوئی ہے کہ جی وہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیاآپریشن سے قبل، وہ جی وفاق سپیشل آئی ڈی پیز کی مد میں ہی کچھ دے تو فرق پڑتا ہے۔
کیا آئی ڈی پیز کی پشاور اور دیگر کیمپوں اور کیمپوں کے علاوہ جہاں آئی ڈی پیز نے پناہ لے رکھی ہے کیا وزیر اعظم صاحب کو ایک دورہ (مختصرہی سہی)نہیں کرنا چاہیے تھا، چلو وہ تو زیادہ وی پی ہیں وزیر داخلہ کو ہی جھوٹے منہ جانا چاہیے تھا، اگر یہ اقدامات نہیں کئے گئے تو فرق تو پڑتا ہے۔
چند روز قبل سابق سربراہ آئی ایس آئی جناب جنرل(ر) حمید گل نے آپریشن سے اور آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پرروشنی ڈالی تو سوشل میڈیائی وی آئی پیز نے واویلا مچا نا شروع کر دیا کہ جی وی آئی پیز کا فیصلہ کیا غلط ہو سکتا ہے، لیکن وی آئی پیز بتانا پسند کریں گے کہ کے آئی ڈی پیز کے لئے کئے گئے اقدامات کافی ہیں؟کیا آپریشن سے مراد صرف یہ ہوتا ہے کہ جدید جنگی جہازوں سے دشمن کو صفحہ ہستی سے مٹا دینا؟ اگر ایسا ہوتا بھی ہو تو کم از کم کسی انٹرنل آپریشن میں یہ حکمتِ عملی نہیں ہوتی کہ صرف جہاز جا کر بمباری کریں اور باقی وی آئی پیز جہاز بنے رہیں۔
حیرانگی ہوتی ہے آئی ایس پی آر کے ذرائع سے درجنوں اور سینکڑوں دہشت گردوں کی ہلاکت کا شور میڈیا دن بھر مچائے رکھتا ہے لیکن کیا وہ سات لاکھ آئی ڈی پیز پاکستانی نہیں ہیں؟آئی ڈی پیز پاکستانی ہیں اور نون وی آئی پی پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ رمضان المبارک قریب ہے، وہ لوگ بالخصوص جو کبھی زندگی میں بے سرو سامانی کا چہرہ دیکھ چکے ہیں ضرب عضب کے آئی ڈی پیز کو ہر گز ہر گز نظر انداز نہ کریں اپنی بساط کے مطابق جہاں تک ہو سکے کم ازکم"اگر سمجھتے ہیں کہ اس عیدالفطر پر آپ کے پاس موجود پرانے سوٹ بوٹ سے گزارہ ہو سکتا ہے تو عملاً وہ رقم آئی ڈی پیز فنڈ میں جمع کروا دیں تا کہ آپ کی عید تو اچھی ہو جائے گی ان کا رمضان بھی قدرے بہتر ہو سکے"۔اور وی آئی پیز سے اپیل ہے کہ آج رات کو جب سوئیں تو ایک بار نمرود، فرعون، قارون، اور قیصر و کسریٰ کو ضرور یاد کر لیں۔

 خرم شہزاد بیگ

تلاش کیجئے