"نرم انقلاب نہ آیا تو قوم خونی انقلاب کیلئے تیار رہے"؛ حمزہ شہباز کے نام "میٹرو سب سڈی" کا بهاری چیک سائن کرنے کے بعد "خادم اعلیٰ" کی پند و نصائح
"قوم تبدیلی کیلئے تیار رہے، نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے"؛ ریحام خان کیلئے پشاوری چپل کا آرڈر جاری کرنے کے بعد "خان اعظم" کا تبلیغی خطاب
.... جون آف آرک کی رُوح احتجاج کر رہی ہے کہ بھائی لوگو، یہ کیسا "انقلاب‘‘ ہے جو جاتی عُمرا کے شاہی محلات سے پھوٹ کر ماتحت سرکاری افسران کی بیگمات کو ورغلاتا اور اپنی زوجیت میں لیتا ہوا ماڈل ٹاؤن پہنچ کر چودہ پندرہ معصوم انسانوں کے خون سے جا ولیمہ رچاتا ہے؟
باراک اوبامہ کی "تبدیلی" تو امریکی تاریخ میں پہلے باقاعدہ نیگرو کو بنا گئی سُپر پاور کا صدر اور وہ بھی ایک افریقی تارک الوطن کو، لیکن ہماری ’’تبدیلی" نے جیمز گولڈ سمتھ جیسے ارب پتی کی دامادی میں پرورش پائی اور ایک عرصہ تک افتخار چودھری نامی "شاہکار" کی حمایت کا اشتہار بنی پھرتی رہی؟
جی ہاں، لینن گراڈ اور سٹالن گراڈ دونوں صدقے واری جارہے ہیں بیک وقت اسلام آباد ڈی چوک والے وی آئی پی ’’انقلابی کنٹینر‘‘ کے ساتھ ساتھ امارات ائیر لائنز میں سوار درجنوں "انقلابیوں" کی جانب سے ڈیڑھ دو سو مسافروں کو یرغمال بنانے جیسی ’انقلابی‘ حکمت عملی پر؟؟
چیئرمین ماؤزے تنگ بے شک سخت ترین ریاستی و موسمی سختیوں کا مہینوں مقابلہ کرنے والے لاکھوں انقلابی سپاہیوں کے ہزاروں میل کی مسافت پیدل طے کرنے کو "لانگ ماچ" کا نام دیتا پھرے اور ان کٹھن مراحل میں کام آجانے والے ’’قائد انقلاب‘‘ کے دو جوان بیٹوں کی قربانی کو ہی "کامیابی کا راز" جتلاتا رہے۔ لیکن ہم بس اتنا جانتے ہیں کہ لانگ مارچ، لانگ مارچ ہی ہوتا ہے بھلے جسٹس چودھری نامی امریکیوں اور خاکیوں کے مُشترکہ کارندے کی ’بحالی‘‘ کیلئے، انہی امریکیوں اور خاکیوں کی مشترکہ ڈارلنگ کی جانب سے فوج کی سرپرستی میں پجیروز اور پراڈوز پر سوار لاہور تا گوجرانوالہ پہنچا ہو یا پنجاب حکومت کی طرف سے بچھائے گئے ریڈ کارپٹس کے راستے، فائیو سٹار کنٹینر پر سوار لاہور سے اسلام آباد پہنچایا گیا ہو۔
جی ہاں خواتین و حضرات؛ ’’سونامی‘‘ کی لہروں پر سوار خان اعظم کا لانگ مارچ تو طارق جمیل کی منجدھار میں پھنسنے کے بعد "نئے پاکستان" کا نام اختیار کر کے، طاہرالقادری کے’’میجک شوز‘‘ جیسے انجام سے جا دوچار ہوا اور ایمپائر کی انگلی پر ناچتے ناچتے بالآخر "ریحام" کے ساتھ جا ہم آغوش ہوا؛
دیکھنا اب یہ ہے کہ خادم اعلیٰ کا "نرم انقلاب" بهی موصوف کو کسی نئی "ہنی" یا "تہمینہ درانی" کے "نرم وصال" کا تحفہ دیتا ہے یا نہیں؟؟.