1 جولائی، 2015

نفرت نہیں، محبت ہماری منزل ہے۔

زندگی آج تو کس طرف آگئی
صبح کی سیپیا روشنی چھوڑ کر
مدھ بھری شام کی کاشنی چھوڑ کر
اس کے مکھڑے کی میٹھی نمی چھوڑ کر
زندگی آج تو کس طرف آگئی
چھوڑیں نفرت و غصہ کی کہانیاں، چھوڑیں یہ لڑائی جھگڑے، چھوڑیں یہ بحث و تکرار، چھوڑیں یہ جنگ و جدال، چھوڑیں یہ تو تو میں میں۔
آؤ ہم سب ایک ہو جائیں۔ جنگ کے ترانے چھوڑ کر محبت کے گیت گائیں، ہنسیں اور ہنسائیں، مسکرائیں، ایک دوسرے کو محبت کی نگاہ سے دیکھیں، اگلی دنیا کے افسانے چھوڑ کر اس جہنم زار کو جنت بنائیں۔ محفلیں سجائیں، کہانیاں سنائیں، ہیر گائیں، یوسف زلیخا کی کہانی سنائیں۔ 
ہم سب ایک ہی تو ہیں، ہر ایک کا ایک سر، دو کان، دو آنکھیں، ایک چہرہ، ایک زبان، دو بازو، دو ہاتھ، دو ٹانگیں، دو پاؤں۔ کسی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اور سب ایک ہی طرح پیدا ہوتے ہیں۔ ایک ہی طرح اس دنیا سے رخت سفر باندھتے ہیں، سب چھ فٹ زمین کے نیچے چلے جاتے ہیں۔ کوئی یہاں ہمیشہ رہا ہے اور نہ رہے گا۔ 
زندگی ایک نعمت ہے۔ ہنسی خوشی گزاریں، زندگی جسم کی خواہش کے سوا کچھ نہیں،خون میں خون کی گردش کے سوا کچھ نہیں۔آؤ مل کر کائنات کے ارتقاء کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں۔ ستاروں پہ کمندیں ڈالیں۔ ایک دوسرے کے دکھ بانٹیں۔ پیچیدہ بیماریوں کے علاج تلاش کریں، غربت کا خاتمہ کریں۔ سیلابوں، سنامیوں، زلزلوں اور دیگر آفتوں کے آگے بند باندھیں۔ 
تاریخ سے سبق حاصل کریں. غور کریں۔ کون زندہ باد ہے؟ چرواہا ابراہیمؑ یا بادشاہ نمرود، چرواہا موسیؑ یا فرعون، محمد ﷺ یا ابو جہل، اور پاکستان کے حوالے سے بھٹو اور بینظیر یا ایوب، یحییٰ، مشرف، ضیا۔ اس لئے زندہ باد والوں کا راستہ اپنائیں۔ 
امن اور محبت کی شاہراہ پر چلیں، جنگوں اور نفرتوں سے کبھی کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ 
ٹینک آگے بڑھیں یا پیچھے ہٹیں
کوکھ دھرتی کی بانجھ ہوتی ہے
جنگ تو خود ایک مسُلہ ہے
جنگ کیا مسائل کا حل دے گی
آگ اور خون آج دے گی
بھوک اور افلاس کل دے گی
اس لئے اے شریف انسانو! 
جنگ ٹلتی رہے تو بہتر ہے
میرے اور آپ کی چولہوں میں، 
آگ جلتی رہے تو بہتر ہے
کائنات کی وسعتوں پر غور کریں، جنگلوں اور پہاڑوں کی رنگا رنگی پر غور کریں۔ پرندوں کی آزادی اور خوبصورتی کو دیکھیں۔ 
آؤ اصول نبھائیں جذبات کی جگہ، اصول نبھائیں احساسات کی جگہ، اصول نبھائیں مفادات کی طرح۔ گل و گلزار کی باتیں کریں، زلف و رخسار کی باتیں کریں۔ آؤ انسان بن جائیں، انس و محبت کی راہ پر چلیں۔ 
انسانیت زندہ باد،محبت پائندہ باد

تلاش کیجئے