4 فروری، 2015

یکجہتی کشمیر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا حقیقت کیا فسانہ؟

اگر ریاستوں کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو ریاست جموں کشمیر کو ہم نظرانداز نہیں کر سکتے۔تمام ریاستوں کی تاریخ میں اس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ حاصل کر کے یہ ریاست پاک و ہند کے لئیے جموں کشمیر ماں کا درجہ رکھتی ہے۔ 1947 میں کشمیر کے بطن سے پیدا ہونے والے دو بچوں نے اس کی شناخت کو کچلنے کی کوشش کی،جنہیں آج دنیا پاکستان اور ہندوستان کے نام سے جانتی ہے۔ آج ہم کچھ سرسری نظر 5فروری کے حوالے سے ڈالتے ہیں۔5فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے مقرر کردہ دن ہے،جو کہ جماعت اسلامی کی وجہ سے منایا جانے لگا۔ پاکستان وہ ملک ہے جس کو کشمیری اپنا سفارتی اور اقتصادی وکیل تصور کرتے ہیں،لیکن پاکستان حقیقی معنوں میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ناکام رہا۔ جس کی وجہ سے کشمیری عوام کو سخت مایوسی ہوئی اور بھارت اپنی مضبوط خارجہ پالیسی کی بدولت عالمی سطح پر کشمیر پر اپنا تسلط قائم کرنے کا جواز پیدا کر رہا ہے۔ 5فروری کومنانے کا اصل مقصد حکومت پاکستان کا کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا ہےکہ وہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پر کشمیر کی سر زمین اور تاریخ اس بات کی گواہ ہےکہ پاکستان نے آج تک کشمیر کے لئے تنکا برابربھی نہیں کیا۔ کشمیر کا کچھ حصہ جو کہ پاکستان کے زیر کنٹرول ہے جو آزاد کشمیر کے نام سے جانا جاتا ہے اس کو اس کے اصل حقوق دینے سے قاصر ہے۔بلکہ اگریوں کہا جائے کہ کشمیر کو پاکستان نے حق دینے کے بجائے اس کی سرزمیں کو حتیٰ الوسع لوٹنے کی کوشش کی ہے تو یہ غلط نہ ہو گا۔یکجہتی کا ایک دن منا لو ، ملک کے سرکاری اداروں میں چھٹی بھی کر لو تو کیا کشمیر آزاد ہو جائے گا؟؟ کیا کشمیریوں کو ان کے حقوق مل جائیں گئے؟؟ میں پوچھتا ہوں پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر کیا کام کیا؟؟ کیا کشمیریوں کو ان کے اصل حقوق ان کو دئیے؟ تعلیم پر کتنا خرچ کیا جاتا ہے؟سانحہِ زلزلہ2005 کے نام پر پوری دنیا سے پیسے مانگ کر لائے گئے تو وہ اربوں ڈالرز کہاں گئے؟؟ یوم یکجہتی کشمیر کے نام پر برسوں سے کشمیریوں کو دھوکے میں رکہ کر غلام بنایا جا رہا ہے۔میں پوچھتا ہوں حکومت پاکستان سے اور الحاق کے یاروں سےکشمیر پراپرٹی کے ساتھ پاکستان میں کیا سلوک کیا جا رہا ہے؟؟ کیا کشمیر پراپرٹی سے جو آمدن ہوتی ہے وہ کشمیریوں پر خرچ کی جاتی ہے؟؟ پاکستان کی طرف سے کب اور کس پلیٹ فارم سے کشمیریوں کے لئے بات کی گئی؟ گلگت بلتستان جو کہ ہر لحاظ اور ہر قانون کے اعتبار سے کشمیر کا حصہ ہے اس کے ساتھ کیا رویہ اختیار کیا گیا؟؟ اقصائی چن کو کس قانون کے تحت اور کس کی اجازت سے چین کو دیا گیا؟؟
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کو نمائندگی کیوں نہیں دی جاتی؟؟ کشمیریوں کے خون کا سودا کر کہ جنگ بندی لائن کو لائن آف کنٹرول میں کیوں تبدیل کیا گیا؟؟ آخر اس میں کیا حکمت چھپی تھی ؟ کہیں ادھر ہم اُدھر تم والی حکمت تو نہیں تھی؟؟ تاشقند معاہدے میں کشمیریوں کو کتنی نمائندگی دی گئی؟؟ اقوام متحدہ کی طرف سے قرار داد 1948 میں حق خودارادیت کے حوالے سے جو پاس کی گئی تھی اس کو مشروط کیوں قرار دیا گیا؟ 1947 میں بیس ہزارقبائلی کس قانون کے تحت کشمیر میں بھیج کر قبضہ کیا گیا؟ کشمیریوں کو ان کی تاریخ سے دور کیوں رکھا جا رہا ہے؟؟؟؟ مطالعہ کشمیر کو نصاب میں شامل کرنے کےلئے ہائی کورٹ نے فیصلہ بھی جاری کیا پھر بھی اس کو شامل کیوں نہیں کیا گیا؟؟ بابائے قوم مقبول بٹ شہید کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا؟؟ 5فروری2011 کے 4دن بعد افضل گورو کو سزائے موت دی گئی اس پر کیا اقدامات کیا گئے؟؟؟ نام نہاد اسمبلی آزاد کشمیر میں اس اسمبلی کی کتنی مانی جاتی ہے اور اس کو کتنے اختیارات دیے گئے ہیں؟؟ بقول وزیر صحت سردار قمرالزمان کے اس اسمبلی کے وزیر اعظم کو گھاس تک نہیں ڈالی جاتی۔ تو ہم کہاں سٹینڈ کر رہے ہیں؟؟ پاکستان اور ہندوستان نے کس قانون کے تحت اپنی فورسز کشمیر میں کشمیریوں پر مسلط کر رکھی ہیں؟؟ بس اتنا کہوں گا کہ یکجہتی کا ڈرامہ بند کیا جائے۔ جھوٹے اور کھوکھلے نعروں سے اب ہمیں مزید بےوقوف نہ بنایا جائے۔ پاکستان اور ہندوستان اپنا کنٹرول ریاست جموں کشمیر سے ختم کریں ورنہ مجھےوہ وقت بہت قریب نظر آرہا ہے جب بچہ بچہ بولے گا کشمیر پر حق ہے کشمیر کے رہنے والوں کا۔

تلاش کیجئے