28 جون، 2015

آدم: ایک شخص یا نوعِ انسانی کا نام؟


ADAM: Name of one Person OR Name of Human Specie
ایک سوال، ایک بحث!
سوال یہ ہے کہ اگر آدم محض ایک شخص کا نام ہے اور حوا اسی کی پسلی سے پیدا کی گئیں اور سب انسان ایک اسی آدم کی اولاد ہیں تو یہ الگ الگ رنگ اور نسلیں کیوں ہیں؟ ان میں کالے، گورے، گندمی کیوں ہیں؟ کالوں کے کئی کالے رنگ (شیڈ) کیوں ہیں؟ گوروں کے فرق فرق گورے رنگ کیوں ہیں؟ گندمی رنگ کی اتنی زیادہ قسمیں کیوں ہیں؟
بعض لوگ کہتے ہیں کہ آب و ہوا کی وجہ سے ہے۔ گویا گرم علاقوں کے لوگوں کا رنگ کالا ہو گیا ہے اور سرد علاقوں کے لوگوں کا گورا۔
مگر ہم دیکھتے ہیں کہ جن لوگوں کا رنگ ابتدائی طور پر کالا تھا اور وہ گرم علاقوں مثلاً افریقہ کے تپتے صحراؤں سے یورپ اور امریکہ کے انتہائی سرد علاقوں میں آ گئے، برفباری والے علاقوں میں آگئے، گئی صدیاں بیت گئیں، گئی نسلیں بدل گئیں، کئی تو پیدا ہی سرد علاقوں میں ہوئے مگر ان کے رنگ کالے کے کالے ہی رہے، کوئی فرق نہ پڑا۔
اسی طرح جو گورے یورپ سے آ کر جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں آباد ہو گئے، ان کی کئی نسلیں ان گرم علاقوں میں پیدا ہو ہو کر پروان چڑھتی رہیں مگر وہ گورے ہی رہے، گرمی سے ان کا کچھ نہیں بدلا۔ اور اگر کچھ بدلا تو باہم شادیوں کی وجہ سے۔
ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ مختلف رنگوں اور نسلوں کے انسان کرۂ ارض پر ہر جگہ موجود تھے۔ ابتدا میں جب انسان کو کرۂ ارض کے تمام بر اعظموں اور جزیروں کا علم نہ تھا اور بتدریج نسبتاً زیادہ ترقی یافتہ انسان جہاں جہاں بھی پہنچا، اس نے نئی دنیائیں دریافت کیں لیکن جہاں بھی پہنچا وہاں انسان کو موجود پایا۔ یورپ کے سفید فام انسانوں نے امریکہ اور جزائر غرب الہند دریافت کئے تو وہاں انسان موجود تھے چھ سو سے زیادہ زبانیں بولی جاتی تھیں گویا چھ سو قسم کا تہذیب و تمدن موجود تھا کو کہ وہ سفید فاموں کی نسبت ایجادات میں ابھی پسماندہ تھے۔ اسی طرح سفید فام آسٹریلیا پہنچے تو وہاں بھی انسان موجود تھے۔
تو پھر کیا ہم سمجھ سکتےہیں کہ آدم ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک نسل Specie کا نام ہے۔ یہ نسل ایک ہی وقت میں پورے کرۂ ارض پر پیدا ہوئی، قسم قسم کی مٹی Soil سے پیدا ہوئی اور جس جس مٹی سے پیدا ہوئی اس کے کیمیائی اجزا کے لحاظ سے اس کے رنگ و نسل بنے۔ افریقہ کی مٹی میں لوہے کی بہتات تھی اس لیے رنگ کالے بن گئے اور جہاں کی مٹی میں سلفر اور فاسفورس زیادہ تھی ان کے رنگ گورے اور گندمی ہو گئے؟؟؟
واضع رہے کہ آدم ایک نسل کا نام ہے، یہ صرف مرد نہیں ہے بلکہ عورت بھی آدم ہے۔ یہ بھی واضع رہے کہ حوا کا ذکر اور اس کے آدم کی پسلی سے پیدا کئے جانے کا ذکر موجودہ بائیبل میں تو ہے لیکن قرآن میں سرے سے ہی موجود نہیں ہے۔
مزید یہ کہ قرآن مجید کی سورۂ نوح کی آیت نمبر 17 میں ہے "انسان کو زمین میں سے نباتات کی طرح اگایا گیا"
خردمند غور کریں اور مزید روشنی ڈالیں؟؟

تلاش کیجئے